نئی دہلی:فیڈریشن آف سینٹرل یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں گیارہ دن سے مرن برت پر بیٹھے طلبا کی بگڑتی ہوئی حالت کے مدنظر سرکار سے اس معاملہ کو فورا سلجھانے کی مانگ کی ہے ۔ایسوسی ایشن کی صدر نندتا نارائن کا کہنا ہے کہ جب طلبا کے خلاف معاملہ عدالت میں چل رہا ہے تو یونیورسٹی انتظامیہ ان کے خلاف سزا کی کارروائی کیسے کرسکتی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جے این یو میں بھی حیدرآباد یونیورسٹی جیسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں، اگر ان طلبا کے ساتھ کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔مسز نارائن نے یہ بھی کہا کہ ایک طرف مسز ایرانی کہتی ہیں کہ وہ یونیورسٹی کی سیاست میں دخل نہیں دے سکتیں دوسری طرف انسانی وسائل کی وزارت نے یونیورسٹی کمیشن کے توسط سے مرکزی یونیورسٹی کو ہدایت دی ہے کہ اکیڈمک کو مسلسل اور ایکزی کیٹیو کونسل کی بیٹھکوں کے ایجنڈے بھی وزارت کو بھیجیں۔ کیا یہ یونیورسٹی کی خودمختاری کی خلاف ورزی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان طلبا کی سزا ختم نہ کی گئی تو ملک میں طلبا کی بڑی تحریک کھڑی ہوجائے گی اور سرکار کے لئے نیا مسئلہ پیدا ہوجائے گا اس لئے عدالت کا فیصلہ آنے سے قبل ان طلبا کے خلاف کارروائی نہ کی جائے ۔