لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ پارہ علاقہ میں موٹر سائیکل سوار ٹیچر کی گاڑی کے سامنے اچانک دیگر گاڑی آجانے سے وہ اپنی موٹر سائیکل پر قابو نہیں رکھ سکا پل کی ریلنگ سے ٹکراکر گر گیا۔ گرنے کے سبب وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ لوگوں نے اسے اسپتال میں داخل کرایا جہاں دوران علاج اس کی موت ہو گئی۔ دوسری جانب بنتھرا میں ڈی سی ایم اور ٹرک کی
ٹکر میں ڈی سی ایم ڈرائیور کی موت ہو گئی۔
کاکوری کے ہردوئیا لال نگر کے باشندے ٹیچر ۵۵ سالہ شیو نرائن گزشتہ ۲۴؍مارچ کو موٹر سائیکل سے فتح گنج گیا ہوا تھا ۔ شیو نرائن جب واپس آرہا تھا اسی دوران بگھیا پل پر پہنچنے کے بعد اس کی گاڑی کے سامنے ایک دیگر گاڑی آگئی۔ شیو نرائن کی موٹر سائیکل کی رفتار تیز ہونے کے سبب وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور پل کی ریلنگ سے ٹکرا گیا۔ ٹکر سے شیو نرائن شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے شیو نرائن کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں اتوار کو اس کی موت ہو گئی۔اس کے علاوہ گوسائیں گنج کے سٹھوارا گاؤں کا باشندہ ڈی سی ایم ڈرائیور بھیم سنگھ (۴۵) جمعہ کو ٹرک لیکر موہن لال گنج جا رہا تھا۔ بھیم جیسے ہی میمورا گاؤں کے قریب پہنچا سامنے سے آرہے ٹرک سے اس کے ٹرک کا تصادم ہو گیا۔ آمنے سامنے کی ٹکر سے ٹرک ڈرائیور بھی شدید طور سے زخمی ہو گیا جبکہ دوسرے ٹرک کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ گاؤں کے لوگوں نے بھیم کو ٹرک سے نکال کر پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ٹراما سینٹر بھیج دیا۔ اتوار کو علاج کے دوران بھیم کی موت ہو گئی۔