لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔گورنر رام نائک نے آج کہاکہ ٹی بی کی بیماری سے پریشان مریضوں کو سرکاری اسکیم کے تحت مناسب علاج ملنا چاہئے۔ ٹی بی کے مریض کو ٹھیک کرنے کیلئے پورا کورس کرنا ضروری ہے۔ ٹی بی کی بیماری گندگی سے بھی ہو سکتی ہے اس لئے دلت بستی میں رہنے والے لوگوں کے درمیان صفائی کے تئیں بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوچھ بھارت ابھیان کو محدود نہ رکھ کر اسے چلانے کی ضرورت ہے۔ گورنر آج گورنر ہاؤس میں اترپردیش ٹی بی ایسوسی ایشن کے جلسہ کی صدارت کر رہے تھے۔ مسٹر نائک نے کہاکہ
ٹی بی کی بیماری کے خاتمہ کیلئے ایک روڈ میپ بناکر کام کی اسکیم تیار کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم کو سرگرم بنانے کیلئے ڈاکٹروں اور نوجوانوں کو جوڑے جانے کی ضروت ہے۔ علاقہ کا معائنہ کر کے کچھ دلت بستیوں کو نشانزد کیا جائے اور بیماری کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کی حصہ داری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مستقل طور سے جلسہ منعقد کرنے پر بھی زور دیا۔ جلسہ میں گورنر کی چیف سکریٹری جوتھیکا پاٹیکر، ایسوسی ایشن کے صدر آر سی ترپاٹھی، ڈاکٹر اشوک باجپئی و دیگر لوگ موجود تھے۔