لکھنؤ۔ (بیورو)۔ مرکزی حکومت کے حکم پر پرائیویٹ چینلوں اور کیبل ٹی وی کے نشریاتی مواد کے سلسلہ میں شکایت ملنے پر ضوابط کے تحت کارروائی ہوگی۔ اس کیلئے عوام کو ایک فورم مہیا کرانے کیلئے سبھی اضلاع میں ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں آئندہ تیس ستمبر تک ضلع نگرانی کمیٹیوں کی تشکیل کی جائے گی ۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے چیف سکریٹری اطلاعات نونیت سہگل نے بتایاکہ ضلع اطلاعات دفتر میں قائم فون کااستعمال شکایت سیل کیلئے کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری آج یہاں ریاستی سطح کی نگراں کمیٹی کے جلسہ کی صدارت کررہے تھے۔ انہوںنے ضلع وار ضلع نگراں کمیٹیوں، شکایت سیلوں اور فون نمبر کی اطلاع محکمہ جاتی ویب سائٹ پر بھی مہیا کرانے کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ حکومت ہند کے حکم ۱۹؍فروری ۲۰۰۸ء اور ۲۸؍جولائی ۲۰۰۸ء کی تکمیل میں ریاستی حکومت نے گزشتہ چوبیس جون کو ریاستی سطح کی نگراں کمیٹی کی تشکیل کی تھی جس میں پولیس جنر ل ڈائریکٹر کے نمائندہ سکریٹری سماجی بہبود
سکریٹری بہبود و اطفال ترقیات اور ڈائریکٹر دور درشن کیندر رکن بنائے گئے تھے۔ اسی طرح ضلع سطح پر ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں ضلع نگراں کمیٹی کی تشکیل کی جانی ہے جس میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ضلع اطلاعات افسر ضلع کا کسی ایک خواتین کالج کی پرنسپل اطفال بہبود کیلئے کام کرنے والی ایک خاص غیر سرکاری تنظیم کی نمائندہ خواتین بہبود کیلئے ایک خاص سرکاری تنظیم کی نمائندہ اور سائیکو لوجیکل ، سماجیات کے رکن ہوں گے۔