ڈھاکہ۔ تنقید کا سامنا کر رہے کوچ ڈنکن فلیچر بی سی سی آئی کے صدر این شری نواسن اور سکریٹری سنجے پٹیل کے ساتھ اپنے مستقبل پر بحث کے بعد آج ٹوئنٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم سے جڑ گئے۔ ہندوستانی ٹیم کے میڈیا منیجر آر این بابا نے کہا ، ڈنکن فلیچر آج صبح پہنچے۔ گیند بازی کوچ جو ڈاویس اور فیلڈنگ کوچ ٹریور پینی کل رات آئے تھے۔ کھلاڑیوں اور معاون عملے سمیت ٹیم میں 26 افراد شامل ہیں۔ فلیچر کو شری نواسن نے کل چنئی میں اجلاس کے لئے بلایا تھا جس میں گزشتہ کچھ وقت میں ٹیم کی خراب کارکردگی پر بحث ہونی تھی لیکن کوچ کو اس دوران کوئی انتباہ نہیں دیا گیاکہ ان کا عہدہ خطرے میں ہے جبکہ سنیل گواسکر جیسے عظیم کھلاڑی کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کل فتح اللہاسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی۔ ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز دیرینہ حریف پاکستان کے خلاف 21 مارچ کو کرے گی۔ میزبان بنگلہ یش تین ہفتے چلنے والے اس ٹورنامنٹ کا آغاز کل یہاں شیر اے بنگلہ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف کوالیفائنگ مقابلے کے ساتھ کرے گا۔