کراچی۔پی سی بی اکتوبر میں آسٹریلیا کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے کپتان کا اعلان اگلے ہفتے کرے گی جس کے لیے آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور نوجوان بلے باز صہیب مقصود کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی دنوں سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کیلئے نئے کپتان کی متلاشی پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ نے دو ناموں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بوم بوم شاہد آفریدی اور نوجوان بلے باز صحیب مقصود میں سے کسی ایک کے نام قرہ فعل نکل سکتا ہے۔ اگر بورڈ کسی تجربہ کار کھلاڑی کو ٹیم کی باگ ڈور دینے کا فیصلہ کرتی ہے تو آفریدی ایسی صورت میں حتمی امیدوار ہوں گے تاہم اگر بورڈ طویل المدتی حکمت عملی کو سامنے رکھتا ہے تو نوجوان بلے باز صحیب مقصود کو کپتانی کے فرائض ادا کرنے کا کہا جاسکتا ہے۔ تاہم ذرائع نے مزید بتایا کہ آفریدی کو موجودہ صورتحال میں مضبوط ترین امیدوار قرار دیا جا رہا ہے اور صہیب کو قیادت سونپنے کے امکانات کافی کم ہیں۔ دورہ سری لنکا میں خراب کارکردگی کے بعد کپتان مصباح الحق کی کارکردگی کے حوالے سے عدم اطمینان کا شکار ٹیم مینجمنٹ نے چیئرمین پی سی بی کو صورتحال سے آگاہ کیا اور کسی جارح مزاج کھلاڑی کو ٹیم کی قیادت سونپنے کا مشورہ دیا۔ تاہم کچھ عرصہ قبل ہی چیئرمین پی سی بی کا منصب سنبھالنے شہریار خان نے محض ایک سیریز کے بعد مصباح کو ہٹانے کا خطرہ مول نہ لیتے ہوئے انہیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا۔ لیکن اگر مصباح اس سیریز میں ناکام رہتے ہیں تو ایسی صورت میں کسی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے بورڈ کسی سینئر کو پہلے ہی قیادت کے لیے تیار رکھنا چاہتا ہے اور اسی لیے ٹیم مینجمنٹ کو آفریدی ہی سب سے بہتر متبادل نظر آتے ہیں۔ آفریدی دو ہزار گیارہ میں ایک روزہ ورلڈ کپ کے علاوہ دو ہزار دس میں ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹیم کی قیادت سنبھال چکے ہیں۔ دوسری جانب صہیب نے پچھلے برس زمبابوے کیخلاف سب سے مختصر فارمیٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔