لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ آشیانہ علاقہ میں گزشتہ رات ایک پائپ کمپنی کے گودام کے باہر سے لاکھوں روپئے کا ڈکٹ پائپ چوری کر رہے دو چوروں کو گودام کے لوگوں نے پکڑ لیا۔ ان لوگوں نے پکڑے گئے چوروں کی زبردست پٹائی کی اور پھر آشیانہ پ
ولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے چوروں کے پاس سے ایک چھوٹا ہاتھی گاڑی بھی برآمد کی ہے۔دوسری جانب ملزمین نے چوری کا سامان خریدنے والے کباڑی کا نام بھی پولیس کو بتایا ہے۔ خبر کے مطابق ایس او آشیانہ سدھیر پال نے بتایاکہ کرشنا پبلک اسکول کے قریب پائپ کا گودام واقع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کل دیر رات دو افراد گودام کے باہر رکھے ہوئے پائپ کے بنڈل کو ٹرک پر رکھ رہے تھے۔ اس دوران گودام انچارج ونود کمار وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے شور مچا دیا۔ شور و غل سن کر دکان کے دیگر ملازمین وہاں جمع ہوگئے اور انہوں نے دونوں چوروں کو پکڑ لیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے چوروں کی پٹائی کرنے کے بعد آشیانہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے موقع سے ٹرک کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران چوروں نے اپنا نام بازار کھالہ کا پریم چندر اور تالکٹروہ کا باشندہ چاند بابو بتایاہے۔ بتایا جا رہاہے کہ پائپ کی قیمت ایک لاکھ پچیس ہزار روپئے ہے۔ دونوں چوروں نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی وہ گودام میں چوری کر چکے ہیں اور چوری کا سامان سروجنی نگر کے نادر گنج کے باشندے کباڑی کو فروخت کر تا تھا۔