لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت کو درکنار کر کے راجدھانی کے اہم چوراہوں پر کھلے عام پلاسٹ کے جھنڈوں کی فروخت کی جا رہی ہے۔ایسا نہیں ہے کہ ان کی فروخت کہیں چھپ کر کی جا رہی ہے۔ جھنڈا فروخت کرنے والے شہر کے اہم چوراہوں پر پانچ روپئے سے لیکر دس روپئے تک کے پلاسٹک کے بنے جھنڈے فروخت کر رہے ہیں شہر کے حضرت گنج، جی پی او ، ودھان سبھا، حسین گنج، چار باغ، یونیورسٹی، آئی ٹی اور نشاط گنج چوراہوں پر کھلے عام پلاسٹک کے جھنڈے فروخت کئے جا رہے ہیں۔ ان چوراہوں میں شاید ہی کوئی ایسا چوراہا ہوگا جہاں پولیس اہلکار کی تعیناتی نہ ہو۔ اتنا ہی نہیں یہ تمام چوراہے اتنے وی آئی پی چوراہوں میں شمار کئے جاتے ہیں جہاں سے پورا انتظامی عملہ گزرتا ہے لیکن کسی کی توجہ اس طرف نہیں گئی
۔ انتظامیہ افسران کے کام کرنے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پلاسٹک کے جھنڈوں پر پابندی عائد کئے جانے کا حکم ضلع مجسٹریٹ نے ابھی ایک دن قبل ہی دیاتھا۔ اتنا ہی نہیں اس کی روک تھام کیلئے درجنوں افسران کو ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی ۔
ہدایت کو سختی سے نافذ کرانے کیلئے اس کی ذمہ داری سٹی کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، نائب ضلع مجسٹریٹ، تمام سی او ، تھانہ انچارج و انچارج انسپکٹر کو دی گئی تھی۔