ہریا؍اعظم گڑھ۔ (نامہ نگار)۔ سگڑی تحصیل حلقہ کے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر انٹر کالج بڑولی کیمپس میں منعقدہ ہولی ملن تقریب میں انتخابی مدعے چھائے رہے۔ بی ایس پی کے صدر امیدوار رکن اسمبلی شاہ عالم عرف گڈو جمالی ریاستی حکومت پر جم کر برسے۔ انہوں نے لوک سبھا الیکشن میں بی ایس پی کی جیت یقینی بتائی۔ ساتھ ہی مودی کو روکنے کیلئے ملائم سنگھ یادو کو بنارس سے لڑنے کی صلاح بھی دی ۔ مہمان خصوصی شاہ عالم عرف گڈو جمالی نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں بی ایس پی کامیاب ہوگی۔ اب مذہبی فساد کرنے والوں کے جھانسے میں ضلع کے عوام نہیں آنے والے ہیں۔ مسلمانو ںکے جذبات کو بھڑکانے کیلئے ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو مودی کا نام لیتے ہیں۔ مسلمانوں کے دل و دماغ میں زہر گھولتے ہیں ۔ ایک نہیں دس ملائم سنگھ آجائیں جمالی چٹان کی طرح کھڑا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو مودی کو روکنے کی بات کرتے ہیں تو انہیں بنارس نشست سے مودی کے خلاف الیکشن لڑ کر انہیں روکنا چاہئے۔ مسٹر جمالی نے کہا کہ ہولی کے تہوار کی اپنی الگ اہمیت ہے ۔ ہم روزہ رکھتے ہیں، آپ نوراتر کا برت رکھتے ہیں۔ تہوار قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں مدد گار ہوتے ہیں۔اس موقع پر منیش مشرا عرف پنٹو مشرا، ستئی سنگھ پٹیل، انیرودھ پٹیل، آنند دیو پٹیل، رام سنگار پٹیل، صاحب سنگھ پٹیل، رام پرساد سنگھ پٹیل، رمیش سنگھ پٹیل، سرفراز، دانش، سبھاش پٹیل، سندر پٹیل،چندر بھان پٹیل، شیلندر پٹیل وغیرہ موجود تھے۔