نئی دہلی: وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہاکہ حکومت حامی اور اپوزیشن کی بیشتر پارٹیاں پارلیمنٹ کی کارروائی چلائے جانے کے حق میں ہیں لیکن کانگریس صدر سونیا گاندھی کے اڑیل رویہ کی وجہ سے ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دی جارہی ہے اور گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) سے واببستہ آئینی ترمیمی بل کو روکنے کے لئے وزیر خارجہ سشما سوراج کا معاملہ اٹھایا جارہا ہے ۔
مسٹر جیٹلی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں نامہ نگاروں سے کہاکہ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان کی کارروائی بخوبی چلانے کے لئے کل جماعتی میٹنگ طلب کی تھی جس سے واضح ہوگیا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی معاون پارٹیوں کے علاوہ اپوزیشن کی تقریباََ سبھی پارٹیاں اب پارلیمنٹ کی کارروائی چلنے دینے کے حق میں ہیں لیکن محترمہ گاندھی اور کانگریس کے ایک دیگر کی ضد کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چلنے دی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کا اندازہ ہے کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کے بہانے کانگریس پارٹی اصل میں معیشت میں بڑی تبدیلی لانے والے جی ایس ٹی سے وابستہ آئینی ترمیمی بل کو منظور نہیں ہونے دینا چاہتی ہے تاکہ ملک کی اقتصادی ترقی متاثر ہو۔ انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی پر حکومت کے پاس اکثریت ہے اور کانگریس اس معاملے میں الگ تھلگ پڑ گئی ہے اس لئے وہ کارروائی نہیں چلنے دے رہی۔