نئی دہلی، 8 جنوری (یو این آئی) پارلیمانی امور کے وزیر کمل ناتھ نے آج کہاکہ پارلیمنٹ کا سیشن فروری کے پہلے نصف اول میں منعقد کیا جائے گا جس میں مطالبات زر اور کئی اہم بل منظور کرائے جائیں گے۔مسٹر کمل ناتھ نے 12 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کانفرنس میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ فروری کے پہلے نصف اول میں پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوگا تاہم ابھی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اجلاس میں مطالبات زر کی منظوری کے ساتھ ساتھ بدعنوانی سے نمٹنے میں مدد کیلئے دو تین اہم بل پاس کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صرف لوک پال بل سے بدعنوانی پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ اس کے لئے مضبوط تر تدابیر اختیار کرنے کیلئے ان بلوں کو پاس کرایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ان بلوں کو پاس کرانے سے لوگوں کو بدعنوانی کے لئے کانگریس اور ترقی پسنداتحاد حکومت کے جذبات اور نیت کا پتہ چلے گا۔واضح رہے کہ اس سال اپریل۔مئی میں لوک سبھا انتخابات ہوں گے جس کے پیش نظر سرکار بجٹ پیش نہیں کرسکتی ہے۔ اس لئے مطالبات زر پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا۔