ایک نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ پالک غیر صحت مندانہ کھانوں یعنی فاسٹ فوڈز وغیرہ کی بھوک کی اشتہا کو کم کرتا ہے اور وزن گھٹانے میں بھی مدد گار ہے،امریکی خبررساں ادارے کے مطابق سویڈن سے تعلق رکھنے والے محققین نے کہا کہ آئرن کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جانے والی سبزی اپنے دیگر غذائی اجزا ، مثلاً وٹامن اے ، وٹامن سی ، وٹامن کے ، میگنشیم اورفولیٹ سے بھری ہوئی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کے پتوں سے حاصل شدہ عرق وزن گھٹانے میں بہت مدد گار ہے۔ وقت بے وقت غیر صحت مندانہ کھانوں ، مثلاً چپس،میٹھے مشروبات اور میٹھا کھانے کی اشتہا جسے سائنسی اصطلاح میں ‘ہیڈونک ہنگر’ کہا جاتا ہے ، ان کے لیے پالک کا عرق اکسیر ثابت ہوتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ ہمارے تجربے سے ظاہر ہوا کہ پالک کے پتوں کی ممبرنس (جھلی جس میں غذائیت بخش نباتاتی اجزا شامل ہوتے ہیں) ، جو تھیلاکوئڈز کہلاتی ہے ، پر مشتمل مشروب پینے سے حیرت انگیز طور پر جنک کھانوں کی بھوک کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور دن بھر پیٹ بھرا رہنے کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ ہر روز صبح ناشتے سے پہلے پالک کا عرق پینے سے ایسے کھانوں کی بھوک میں ۹۵فی صد کمی واقع ہوئی جنھیں ہم ہر روزغذائیت حاصل کرنے کی نیت سے نہیں بلکہ اپنے آپ کوخوش کرنے کے لیے کھاتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ بھی ثابت ہوا کہ پالک کا عرق پینے والوں میں وزن کم کرنے کے امکانات میں ۴۳فی صد زیادہ تھے۔
پالک کے پتوں کا عرق پینے سے نظام انہضام سست پڑجاتا ہے جس سے آنتوں سے طمانیت کا احساس دلانے والے ہارمونزز کو خارج ہونیاوردماغ تک پیٹ بھرنے کا پیغام بھجنے کے لیے کافی وقت مل جاتا ہے۔