لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کئی ماہ سے وظیفہ کے مطالبہ کے سلسلہ میں سرکاری دفتروں کے چکر کاٹ رہے گورنمنٹ پالی ٹیکنک لکھنؤ سمیت سبھی پالی ٹیکنک اسکولوں میں پڑھ رہے طلباء کے گزشتہ برس کے وظیفے ابھی تک نہ آنے سے ان کے صبرکا پل ٹوٹ گیا جس سے ناراض طلباء نے سماجی بہبود محکمہ کے ڈائریکٹر سے ناراض ہوکر حضرت گنج واقع امبیڈکر مجسمہ پر مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مطالبات پورے نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ طلباء نے وزیر اعلیٰ کو مخاطب عرضداشت ضلع انتظامیہ کو سونپتے ہوئے فوری وظیفے دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈپلوما انجینئرس اسٹوڈینٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر اکھلیش چندر گوتم نے بتایا کہ پالی ٹیکنک کالجوں میں پڑھ رہے درج فہرست ذات و قبائل اور عام زمرہ کے طلباء کا ۵۱-۴۱۰۲ء کا وظیفہ سماجی بہبود محکمہ کے ڈائریکٹر کی لاپروائی کے سبب ابھی تک نہیں ملا ہے۔ طلباء پر دوسرے برس کی فیس دینے کیلئے دباؤ ہے جس کے سبب طلباء میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیس کے چکر میں طلبا ذہنی طور پر پریشان ہیں۔ اگر وظیفے جلد نہیں دیئے گئے تو سیکڑوں طلباء وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کر کے مظاہرہ کرنے کیلئے مجبور ہوں گے۔ مظاہرہ کے دوران بڑی تعداد میں طلباء موجود تھے۔