دبئی:شام میں ترتشدد خانہ جنگی کے حالات سے بچ کر ملک سے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں پناہ گزینوں کے یوروپ اور دیگر ممالک کا رخ کرنے کی خبروں کے بعد سعودی عرب نے حال ہی میں سامنے آنے والے اعدادو شما ر کی بنیاد پر بتایا ہے کہ یہ بات قطعی طور پر بے بنیاد ہے کہ سعودی عرب نے شامی مہاجرین کو پناہ دینے سے روک رکھا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں پانچ لاکھ شامی پناہ گزین سعودی عرب میں پناہ حاصل کرچکے ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے انہیں عارضی قیام کی سہولت کے علاوہ اُنہیں روزگار کی فراہمی کے ساتھ مفت میں صحت اور تعلیم کی سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔ ایک سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام سے تین لاکھ باشندے عارضی اورمحدود مدت کے ویزوں پر سعودی عرب آئے تھے مگر وہ واپس نہیں جاسکے ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ شامی طلبہ سعودی عرب میں مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔