لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ واٹر ورکس شکایت کے باوجود ٹوٹی پڑی پائپ لائن کو درست نہیں کرا سکا جس کے سبب آج بھی رادھا گرام و علی کالونی میں پینے کے پانی کا مسئلہ بنا رہا۔ محرم شروع ہونے کے باوجود مسئلہ کا تصفیہ نہ ہونے سے کالونی کے باشندوںمیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ پہلی محرم شروع ہونے کے باوجود محکمہ واٹر ورکس ایک ہفتہ سے ٹوٹی پڑ ی پائپ لائن کو ٹھیک نہیں کرا سکا جس کے سبب آج کے دن
مقامی باشندے پانی کیلئے ادھر اُدھر بھٹکتے رہے۔ پانی کا مسئلہ ہونے سے رادھا گرام و علی کالونی میں رہنے والوں کو پڑوسیوں کا سہارا لینا پڑا۔ صبح سے ہی لوگ پانی کیلئے ادھر اُدھر بھٹکتے رہے۔ کالونی میں رہنے والے بتاتے ہیں کہ محکمہ کی جانب سے چند ملازم موقع پر آئے لیکن دو تین گھنٹے بعد واپس لوٹ گئے لیکن مسئلہ کاحل نہیں نکل سکا۔ جس سے پانی کا مسئلہ بنا ہوا ہے جبکہ اس وقت پانی کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے۔ اس مسئلہ کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے افسران کو روشناس کرایا گیا۔ عوامی مرکز میں شکایت بھی کی گئی لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ پینے کے پانی کے مسئلہ سے دو چار کالونی کے باشندوںنے ہردوئی روڈ جام کرنے کا انتباہ دیا تھا لیکن محرم پڑجانے کے سبب لوگ محرم میں مصروف ہو گئے۔ واضح ہو کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل کیبل ڈالتے وقت ایک نجی کمپنی کے ملازمین نے رادھا گرام چوراہے پر پائپ لائن کو نقصان پہنچایا تھا جس کے سبب رادھا گرام و علی نگر کالونی میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔