لکھنؤ(نامہ نگار)پانی کے لئے پریشان سیکڑوں شہریوں نے اتوار کو راستہ جام کر کے مظاہرہ کیا۔ خالی بالٹیاں اور ڈبے لے کر مظاہرین نلوں میں پانی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ موقع پر پہنچے افسران نے لوگوںکوسمجھا بجھا کر مظاہرہ ختم کرایا۔ گذشتہ کئی دنوں سے کینٹ روڈ پر واقع بھوئین دیوی مندر علاقہ میں پانی کی کافی قلت ہے۔ پانی نہ آنے سے محلہ والے کافی پریشان ہیں۔ پانی کے سلسلہ میں پریشان لوگوں نے اتوار کو سڑک جام کر کے خالی ڈبے لے کر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جوپانی کے نظام کو بہتر کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ موقع پر پہنچے افسران نے انہیں یقین دہانی کرا کر مظاہرہ کو ختم کرایا۔
کارپوریٹروںنے دیا واٹر ورکس محکمہ کے گھیراؤ کا انتباہ
لکھنؤ(نامہ نگار)پینے کے پانی کے سلسلہ میں پریشان کارپوریٹروں نے جل نگم کے سکریٹری سے ملاقات کی اور مسئلہ کو حل کرنے کیلئے محلہ والوں کے ساتھ جل نگم کا گھیراؤ کرنے کا انتباہ دیا۔ گڑھی پیر خاں اور بالا گنج میں پینے کے پانی کے مسئلہ سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے محلوں میں لوگوں کے گھروں میں پانی نہیں آرہا ہے اور اگر کہیں آتا بھی ہے تو بوند بوند پانی آتا ہے، جس کی وجہ سے محلوں والوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محلہ کے درجنوں لوگ کارپوریٹر امت دویدی اور پنکج پٹیل کے ساتھ جل نگم کے صدر دفتر گئے۔ شہریوں نے جنرل منیجر سے ملاقات کر کے ان کو محلہ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ کارپوریٹروں نے سکریٹری جل نگم راگھویندر کمار کو علاقہ کے خراب پڑے ہینڈپمپوں کے بارے میںبھی بتایا۔ کارپوریٹروں نے آگاہی دی کہ اگر پانی کے اس مسئلہ کو جلد حل نہ کیا گیا تو دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
بی پی ایل و انتودے کارڈ یافتگان کو راشن کی تقسیم آج
لکھنؤ(نامہ نگار)سپلائی محکمہ کے بنائے ہوئے روسٹر کے مطابق بی پی ایل اور انتودے کارڈ یافتگان کو آج راشن تقسیم کیا جائے گا۔ محکمہ نے ان کنبوں کو غذائی اجناس تقسیم کرنے کیلئے ہر مہینے کی پانچ تاریخ مقرر کی ہے۔ پانچ تاریخ سے تقسیم ہونے والے اجناس کی تقسیم کا سلسلہ اس ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔
ہر بی پی ایل اور انتودے کارڈ یافتگان کو پانچ لیٹر مٹی کا تیل، ۱۵کلو گیہوں، فی یونٹ ۷۰۰گرام شکرا ورچاول دیاجاتا ہے۔شہر کی تقریباً ۸۰۰ دکانوں میں سے ۱۰۲دکانوں پر بی پی ایل اور انتودے کارڈ یافتگان موجود ہیں۔