لکھنؤ۔ آبی شعبہ (جل سنستھان) کے افسران کی لاپروائی کی وجہ سے پی جی آئی میں واقع پانی کی ٹنکی گر گئی جس سے وہاں موجود سنکلپ اور موریہ زخمی ہو گئے جن کو علاج کیلئے اسپتال پہنچایا گیا حالانکہ ڈاکٹروں نے دونوں زخمیوں کو علاج کے بعد چھٹی دے دی۔ پی جی آئی میں واقع پانی کی ٹنکی پہلے ہی سے مخدوش کھمبوں پر رکی ہوئی تھی۔ ناراض لوگوں نے بتایاکہ اس کی شکایت آبی شعبہ کے ساتھ ہی سٹی کمشنر اور میئر ڈاکٹر دنیش شرما سے بھی کی گئی تھی اس کے باوجود کسی نے کوئی توجہ نہیں دی، بالآخر ٹنکی گر گئی جس کا خمیازہ سنکلپ اور موریہ کو بھگتنا پڑا۔ حالانکہ پانی ٹنکی گرنے کی خبر پاکر فوراً افسران موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے بعد ناراض لوگوں کو یقین دلایا گیاکہ جلد ہی ٹنکی کا کام شروع کرا دیا جائے گا۔اس موقع پر لوگوں نے جل سنستھان اور افسران کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔