جموں:کشمیر شاہراہ پر ضلع ادھم پورہ میں کل بی ایس ایف کے قافلے پر ہوئے جنگجویانہ حملے کے بعد زندہ پکڑے جانے والے جنگجو سے پوچھ گچھ کیلئے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کی ایک ٹیم یہاں پہنچی ہے ۔
پاکستانی جنگجو قاسم خان کو جوائنٹ انٹروگیشن سنٹر منتقل کیا جاچکا ہے ۔ معتبر ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ ‘چار رکنی ٹیم آج صبح یہاں پہنچی اور کل کے ادھم پورہ حملے کے بعد زندہ پکڑے جانے جنگجو قاسم خان عرف عثمان خان سے پوچھ گچھ کیلئے جوائنٹ انٹروگیشن سنٹر روانہ ہوئی’۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجو کو کل رات جے آئی سی منتقل کیا گیا جہاں مختلف خفیہ ایجنسیوں کی ٹیموں نے اُس سے پوچھ گچھ کی۔
انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بھی جے آئی سی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران حاصل کی گئی معلومات این آئی اے ٹیم کے حوالے کردی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیر شاہراہ پر کل ضلع ادھم پورہ کے سمرولی علاقے میں سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے قافلے پر گھات لگاکر ہوئے جنگجویانہ حملے میں دو فوجی جوان ہلاک جبکہ نیم فوجی دستے کے 11 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ حملے کے بعد جنگجو¶ں کے خلاف فالو اپ آپریشن میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا جبکہ جھڑپ کی مقام سے فرار ہونے والے ایک جنگجو جس نے بندوق کی نوک پر چار عام شہریوں کو اغوا کرلیا تھا، کو زندہ گرفتار کیا گیا۔ گرفتار کیا گیا جنگجو پاکستان کا رہنے والا ہے ۔