سری نگر: پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو اُس ملک کا قومی جھنڈا لہرانے اور 26/11 سلسلہ وار بم حملوں کے ملزم حافظ سعید کی جانب سے لاہور میں منعقد کی گئی ریلی کو سری نگر سے فون پر خطاب کرنے کے جرم میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرانی کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے قانون (یو اے پی اے ) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
دختران ملت حریت کانفرنس کے سخت گیر دھڑے کی ذیلی جماعت ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے مارچ 25 کو آسیہ کے خلاف سری نگر کے پرانے شہر میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی جھنڈا لہرانے کے جرم میں اسی قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ اُن کے شوہر ڈاکٹر قاسم فکتوجو ایک سینئر علیحدگی پسند لیڈر ہیں، سری نگر سنٹرل جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور گذشتہ دو دہائیوں سے بند ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو شہر کے مضافات میں ایک مکان میں پاکستانی جھنڈا لہرانے کے جرم میں آسیہ اندرانی اور دیگران کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے قانون (یو اے پی اے ) کے تحت ایک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
آسیہ نے مبینہ طور پر 26/11 سلسلہ وار بم حملوں کے ملزم حافظ سعید کی جانب سے 14 اگست کو لاہور میں منعقد کی گئی ریلی کو سری نگر سے فون پر خطاب کیا تھا۔ اُن کے خلاف مارچ 25 کو سری نگر کے پرانے شہر میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی جھنڈا لہرانے کے جرم میں اسی قانون کے تحت پولیس اسٹیشن نوہٹہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ دختران ملت کی سربراہ نے تب نہ صرف پاکستان کا جھنڈا لہرایا تھا بلکہ اپنے حامیوں کے ہمراہ پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا تھا۔