بنوں:پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاکستانی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 25 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک۔ افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق دتہ خیل کے علاقے الوارا منڈی میں جیٹ طیاروں کی کارروائی میں مبینہ دہشت گردوں کے 5 ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ پاک ۔افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اوراورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے ۔حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج کے طیاروں نے یہ حملہ افغانستان کی سرحد سے لگے اپنے شمالی مغربی علاقے میں کیا، جو دہشت گردوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف فوجی مہم گزشتہ سال شروع کیا تھا۔فوج کے ترجمان نے بتایا کہ آج کے فضائی حملے میں 25 دہشت گرد شمالی وزیرستان میں افغانستان کی سرحد کے قریب مارے گئے ۔