ایڈیلیڈ۔پاکستان کے تیز بولر محمد عرفان کولہے کی ہڈی میں اسٹریس فریکچر کی وجہ سے کرکٹ ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پیر کو کولہے میں درد کی شکایت کے بعد عرفان کے ایم آر آئی اسکین کے بعد منگل کو ان کا سی ٹی اسکین بھی کروایا گیا۔بورڈ کا کہنا ہے کہ اس اسکین میں عرفان کے کولہے کی ہڈی میں اسٹریکس فریکچر کا انکشاف ہوا ہے۔عرفان ابھی تک ورلڈ کپ میں پاکستان کے سب سے خطرناک بولر رہے ہیں لیکن اتوار کو وہ آئرلینڈ کے خلاف میچ بھی اسی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے۔ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ نے فی الحال ان کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کیا ہے۔ایڈیلیڈ میں موجود ٹیم کی انتظامیہ کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعے کو آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے میچ کے نتائج کی روشنی میں ہی کسی متبادل کھلاڑی کو بلانے کا فیصلہ ہوگا۔32 سالہ عرفان اپنی انجری کے مسائل کی وجہ سے زیادہ تر محدود اوورز کی کرکٹ کھیلتے ہیں ۔انھوں نے اب تک صرف چار ٹیسٹ، 45 ایک روزہ اور نو ٹی 20 میچ کھیلے ہیں ۔انھوں نے ایک روزہ میچوں میں 65 وکٹیں حاصل کی ہیں اور حالیہ ورلڈ کپ میں پہلے دو میچ ہارنے کے بعد دوبارہ ٹیم کی ٹورنامنٹ میں واپسی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔