سڈنی۔پاکستان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور جنید خان اور محمد حفیظ کے بعد فاسٹ باؤلر سہیل خان بھی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔ پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں سہیل خان بھی پنڈلی کے زخم کے سبب ان فٹ ہو گئے ہیں، سڈنی کے بلیک ٹاؤن اولمپک پارک میں بنگلا دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں ابھی 15 اوورز کا کھیل ہی ہوا تھا کہ بولنگ کے دوران سہیل خان کے پیر میں تکلیف ہو گئی، جس کے بعد وہ گراؤنڈ سے باہر آ گئے۔ جہاں قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ نے ان کا علاج شروع کر دیا۔ میڈیا منیجر آغا اکبر کے مطابق سہیل خان کی
پنڈلی سوجھ گئی ہے.
سوجن ہے جسے دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ڈاکٹرز نے سہیل خان کو 2 دن آرام کی ہدایت کی ہے۔ باخبر ذرائع ڈاکٹروں نے 30 سالہ سہیل خان کو دو دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔ انجری کا شکار ہونے سے قبل سہیل نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ اوورز میں 18 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ باخبر ذرائع کے مطابق سہیل خان کی انجری بھی حفیظ کی طرح کی ہے اور ان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ زخموں سے چور پاکستانی ٹیم اس سے پہلے محمد حفیظ اور جنید خان کی خدمات سے بھی محروم ہو چکی ہے۔ گذشتہ روز محمد حفیظ ان فٹ ہونے کے سبب ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے، ڈاکٹروں نے انہیں تین سے چار ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔
حفیظ کے متبادل کے طور پر ناصر جمشید کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
حفیظ سے پہلے فاسٹ باؤلر جنید خان بھی ان فٹ ہو کر ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ سہیل تنویر اور عمر گل بھی اپنی فٹنس سے چیئرمن پی سی بی کو متاثرکرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو سڈنی میں اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔