کرائسٹ چرچ ۔زلزلے سے تباہ ہونے والے کرائسٹ چرچ کے شہر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف ہیگلے اوول میں آج کھیلے گی۔لیکن پاکستانی ٹیم کیلئے ٹورنامنٹ میں ایک اور شکست زلزلے کے جھٹکے سے کم نہیں ہوگی۔ہندوستان کے ہاتھوں ایڈیلیڈ میں پہلا میچ76رنز سے ہارنے کے بعدمزید شکست سے بچنے اور کالی آ ندھی کا رخ موڑنے کیلئے پاکستانی لائن اپ میں ایک بیٹسمین کو مضبوط کئے جانے کا امکان ہے۔توقع ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر ناصر جمشید ورلڈ کپ میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو آ رام دیا جائے گا۔اس طر ح یونس خان ون ڈائون پر کھیلیں گے۔جبکہ پانچویں بولر کی کمی پارٹ ٹائمر لیفٹ آ رم اسپنر حارث سہیل اور لیگ اسپنر احمد شہزاد پوری کرسکتے ہیں۔یاسر شاہ نے ہندوستان کے خلاف پہلے میچ میں آ ٹھ اوورز میں60رنز دیے تھے۔پاکستانی ٹیم ہندوستان جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم اپنے پہلے میچ میں 304رنز بنا کر بھی کوالی فائر آ ئر لینڈ کے ہاتھوں حیران کن شکست کھا چکی ہے۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس، چیف سلیکٹر معین خان،اسپین بولنگ کوچ مشتاق احمد اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اپنے وقت کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے منیجر رچی رچرڈسن ہیں۔ چیف سلیکٹر کلائیو لائیڈ،بیٹنگ کوچ ڈیسمنڈ ہینز اور بولنگ کوچ کرٹلی امبروز ہیں۔ اپنے دور کے مشہور زمانہ کھلاڑی میچ کے لئے اپنی ٹیم
وں کی پلاننگ کے لئے کرائسٹ چرچ میں موجود ہیں۔ لنکا سٹر پارک زلزلے سے تباہ ہونے کے بعد ہیگلے اوول کو اسی سال انٹر نیشنل گرائونڈ کا درجہ دیا گیا تھا۔ اس گرائونڈ پر ایک ٹیسٹ اور چار ون ڈے انٹر نیشنل ہوچکے ہیں۔
ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف331رنز بنا کرمیچ 98رنز سے جیت لیا تھا۔18ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اس گرائونڈ کو عارضی اسٹینڈز کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 126ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے55اور ویسٹ انڈیز نے68میچ جیتے۔ تین میچوں کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ کرائسٹ چرچ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے جمعرات کو بھرپور پریکٹس کی۔ ویسٹ انڈیز کے چاروں سابق چمپئن کھلاڑی اپنی ٹیم کی تیاریوں کا خصوصی طور پر جائزہ لیتے رہے اور انہیں ضروری ہدایات دیتے رہے۔ پاکستانی کیمپ میں وقار یونس نے سرفراز احمد اور یاسر شاہ کے علاوہ دیگر تیرہ کھلاڑیوں پر بھرپور توجہ دی گئی۔ ناصر جمشید ، صہیب مقصود، احمد شہزاد، عمراکمل اور حارث سہیل وقار یونس اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ جبکہ وقار یونس نے پانچوں فاسٹ بولروں وہاب ریاض، سہیل خان،راحت علی، احسان عادل اور عرفان پر خاص توجہ دی۔ پریکٹس ایریا میں پاکستانی کھلاڑی پریکٹس کررہے تھے۔ جبکہ مین گرائونڈ میں مشتاق احمد لیگ اسپنر شاہد خان آ فریدی کے ساتھ الگ سے ٹریننگ کر رہے تھے۔ وکٹ کیپر عمر اکمل فیلڈنگ سیشن سے قبل فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن کے ساتھ وکٹ کیپنگ کی مشقیں کرتے رہے۔