دبئی۔پاکستانی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹیم سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس کرے گی۔ دبئی میں پریکٹس سیشن کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آل راونڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی اہمیت سے ٹیم اچھی طرح واقف ہے اس لئے ان کی کمی بھی ٹیم کوشدت سے محسوس ہو گی۔
بوم بوم کا کہنا تھا کہ انہیں اعتماد ہے کہ ٹیم میں شامل کئے جانے والے حسن رضا اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی اچھی پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں متوازن ہیں اور شائقین کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا اور انہیں امید ہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی کھیل میں اپنی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی کمی تو کوئی پوری نہیں کر سکتا تاہم وہ اور محمد حفیظ میچ میں صورت حال کو کنٹرول کر لیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ 5 اکتوبر کو متحدہ امارت کے میدان پر کھیلا جائے گا اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 2 ٹسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے، ون ڈے سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ شارجہ میں 7 اکتوبر، دوسرا 10 اکتوبر کو دبئی اور آخری میچ 12 اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا جب کہ ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ دبئی میں 22 سے 26 اکتوبر اور دوسرا میچ 30 اکتوبر سے 3 نومبرکے درمیان ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم انجری مسائل سے دوچار ہے۔ آل راؤنڈر مچل مارش ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہو گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں سیریز کیلئے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے پڑاؤ ڈال لیا ہے، سیریز کا آغاز اتوار کو ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو گا۔ مہمان ٹیم کو ایک جھٹکا لگ گیا ہے۔ مچل مارش ہندوستان میں جاری چمپئن لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے سبب وہ پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ٹیم کے فزیو ایلکس کونٹورس کا کہنا ہے کہ مارش کو مکمل فٹ ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ جس کے باعث ان کی ون ڈے اور ٹسٹ سیریز میں بھی شرکت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ مارش کی جگہ گلین میکسویل آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ شین واٹسن اور مائیکل کلارک پہلے ہی انجری کے سبب ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔