نئی دہلی۔ہندوستان کے مایہ ناز بلے باز سچن تندولکر نے عالمی کپ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کو خبردار کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سچن تندولکر کا کہنا ہے کہ روایتی حریف پاکستان کے مقابلے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کافی مشکل حریف ہے۔سچن تندولکر نے 2013 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل وہ چھ عالمی مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ہندوستان نے 2015 کے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو باآسانی 76 رنز سے شکست دی تھی۔تاہم سچن کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف مضبوط اوپننگ شراکت کے ساتھ ساتھ محتاط رننگ بھی کرنا ہوگی کیونکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم فیلڈنگ کے شعبے میں پاکستان سے کافی بہتر اور مضبوط ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی بلے بازوں کو جنوبی افریقی بولر ڈیل اسٹین کے خلاف محتاط انداز میں کھیلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹین ایک بہترین بولر ہیں اور اْن کو کیسے کھیلنا ہے اس کا فیصلہ آپ پہلے سے نہیں کر سکتے۔سچن تندولکر نے کہا کہ ہندوستانی کپتان دھونی اور اوپنر روہت شرما کو عالمی کپ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔لٹل ماسٹر کہلانے والے سچن نے اس بات پر بھی زور دیا کے ہندوستانی ٹیم عالمی کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر سکتی ہے۔ اور میزبان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ ’لیکن اس کے لیے ایک دو کھلاڑیوں کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو بہتر کارکردگی
دکھانی ہوگی۔‘