جہلم(پاکستان): صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں مبینہ طور پر قرآن پاک کے مقدس اوراق نذر آتش کرنے پر ایک فیکٹری کو آگ لگا دی گئی.
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق جی ٹی روڈ کے قریب اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے عقب میں واقع ایک چِپ بورڈ بنانے والی فیکٹری میں چند افراد کی جانب سے قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کی اطلاعات گردش کرنے لگیں.
پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں 5 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 4 کو بعدازاں رہا کردیا گیا.
تاہم علاقہ مکین پولیس کی جانب سے ان افراد کو رہا کیے جانے پر ناراض نظر آئے، جس کے بعد مساجد سے اعلان کرائے گئے اور اطراف کے 4، 5 گاؤں کے لوگ ایک ہجوم کی صورت میں جمع ہوگئے اور انھوں نے مذکورہ فیکٹری اور اس سے ملحق فیکٹری مالک کے گھر کو بھی آگ لگا دی.
تاہم فیکٹری مالک اور دیگر ملازمین فیکٹری سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے.
مشتعل ہجوم نے پولیس کے خلاف نعرہ بازی بھی کی اور جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا.
مشتعل ہجوم نے چپ بورڈ فیکٹری کو آگ لگا دی—۔فوٹو/ عامر کیانی