نئی دہلی، 19دسمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے رویے پر حیرانی کا اظہار
کرتے ہوئے آج کہاکہ پشاور میں دہشت گردوں کی جانب سے 132 اسکولی بچوں کے وحشیانہ قتل سے ہر ہندستانی غمزدہ ہے لیکن پڑوسی ملک نے ممبئی حملے کے اہم قصوروار کو ضمانت دے کر انسانیت کو صدمہ پہنچانے والا کام کیا ہے۔مسٹر مودی نے لوک سبھا میں اس سلسلے میں دیئے گئے بیان میں کہا “ایوان نے پشاور میں بچوں کے قتل پر جس طرح اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے، حکومت کی سرگرمیاں اسی کے مطابق رہیں گی۔وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردوں کی جانب سے انجام دی گئی واردات کی ہندستان نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعہ سے پاکستان کو جتنی تکلیف پہنچی ، ہندستان کو اس سے کم تکلیف نہیں پہنچی تھی۔ اس واقعہ سے ہر ہندستانی کی آنکھوں میں آنسو تھے لیکن اس جذبات کے بعد بھی پاکستان کا رویہ صدمہ پہنچانے والا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی ایک عدالت نے جمعرات کو ممبئی حملے کی سازش کرنے والوں میں سے ایک خطرناک دہشت گرد ذکی الرحمان لکھوی کو ضمانت دے دی ہے۔