جموں : جموں کشمیر کے کٹھوعہ ضلع سے ملحق لائن آف کنٹرول کے پاس پاکستان نے آج گولہ باری کرکے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس سے سرحدی حفاظتی دستے (بی ایس ایف ) کا ایک جوان سنگین طور پر زخمی ہوگیا۔
ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر کے بوبیا علاقے میں پاکستان میں کسی اشتعال کے بغیر صبح کو تقریباً 30 منٹ تک فائرنگ کی ۔ اس نے یہ گولہ باری صبح 9 بجکر 35 منٹ پر اسی علاقے میں شروع کی جہاں کل بی ایس ایف کے جوانوں نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا تھا۔
سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کررہے چھ دہشت گردوں کو فوج کی کارروائی کی وجہ سے پیچھے ہٹنا پڑا تھا ۔ اس مہم کے دوران مبینہ طور پر ایک دہشت گرد مارا گیا تھا ۔
پاکستانی فوج کی گولہ باری میں بی ایس ایف کے 173 ویں ریجیمنٹ کے جوان گرنام سنگھ سر میں گولی لگنے سے شدید طور پر زخمی ہوگئے وہ جموں کے سرکاری میڈیکل کالج میں زیر علاج ہیں ۔