سڈنی۔کرکٹ کے 15ویں عالمی کپ کے آغاز سے قبل پریکٹس میچ میں انگلینڈ کے خلاف 251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے کپتان مصباح الحق اورعمراکمل کی ذمہ دارانہ اورنصف سنچریوں کی بدولت 253رن بناکرمیچ جیت لیا۔اس سے پہلے سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے لیے احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے اننگز شروع کی تھی۔اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں گیری بیلنس اور جوائے روٹ کی نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے۔بدھ کو انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تو معین علی اور ایلکس ہیلز نے اننگز شروع کی تاہم دوسرے ہی اوور میں ان کی شراکت احسان عادل نے توڑ ڈالی۔
انھوں نے معین علی کو یونس خان کے ہاتھوں کیچ کروا کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔اس نقصان کے بعد ایلکس ہیلز اور گیری بیلنس نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے پاکستان کو دوسری وکٹ دلوائی اور ہیلز کو صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ کروا دیا ۔گیری بیلنس نے ہیلز کے جانے کے بعد جوائے روٹ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 66 رنز بنا ڈالے۔اس شراکت کا خاتمہ یاسر شاہ نے بیلنس کو 57 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے کیا۔ اسی اوور میں یاسر نے اوئن مورگن کو بھی آؤٹ کیا جو کوئی رن نہ بنا سکے۔یاسر شاہ نے ہی بوپارا کو آؤٹ کر کے پاکستان کے لیے پانچویں اور اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔
سہیل خان نے 41 ویں اوور میں بٹلر کو بولڈ کر کے پاکستان کو چھٹی اور 49ویں اوور میں روٹ کو آؤٹ کر کے ساتویں کامیابی دلوائی۔وہاب ریاض نے اپنی پہلی وکٹ اننگز کے آخری اوور میں اسٹورٹ براڈ کو کیچ کروا کے حاصل کی۔یہ ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کا دوسرا وارم اپ میچ ہے اور دونوں ہی اپنا پہلا وارم اپ میچ جیت چکی ہیں۔پاکستان نے اپنے میچ میں بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو ہرایا تھا۔خیال رہے کہ یہ اس وارم اپ میچ کو باقاعدہ ون ڈے یا فرسٹ کلاس میچ کا درجہ حاصل نہیں ہے لیکن یہ تین سال میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں کسی ایک روزہ میچ میں مدِمقابل آئی ہیں۔