نئی دہلی: ہندوستان میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔نئی دہلی میں یوم دفاعِ پاکستان کی 50 سالہ تقریبات کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ“ 1965 کی ہند پاک جنگ، غیر ملکی جارحیت کے خلاف مادرِ وطن کا فاع کرنے کے لیے ہمارے عزم کا ثبوت تھا۔”عبدالباسط نے کہا کہ مسلح افواج اور پاکستانی عوام نے جنگ کے زمانے میں حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔ہائی کمشنر نے مزید کہاکہ ہر پاکستانی اپنے وطن کے ہر ایک ایک انچ زمین کے دفاع کے لیے قربانی دینے کو تیار تھا۔قبل ازیں مسٹر باسط نے ایک ٹیلی ویزن کو انٹرویو دیتے ہوئے دہشت گردی کو فروغ دینے کی بات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے پانچ ہزار سے زائد جوان شہید ہوچکے ہیں۔