جموں:جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن (ایل او سی) کے نزدیک پاکستانی فوجیوں نے آج ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی۔ دونوں ممالک کے مابین گزشتہ دنوں ہوئی ڈی جی سطح کی بات چیت کے بعد بھی پاکستانی فوجیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔محکمہ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ آج صبح سات بج کر 10 منٹ پر پاکستان نے پونچھ کے کرشنا وادی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے خودکار ہتھیاروں اور 82 ایم ایم کے مورٹار سے ہندستان کی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ بعدازاں ہندستانی فوج نے جوابی کارروائی کی اور آخری اطلاع ملنے تک دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ہندستانی علاقے میں اب تک کسی کی ہلاکت یا کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔