بنگلور۔گزشتہ میچ میں پاکستان کو ہرانے والی ہندوستانی ٹیم کل دوسرے اور آخری دوستانہ فٹ بال میچ میں جیت کی اس لے کو قائم رکھنا چاہے گی۔ انچیون ایشیائی کھیلوں کی تیاری کیلئے اس سیریز کو اہم سمجھا جا رہا ہے۔ گزشتہ میچ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کا پلڑا بھاری کہا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کیلئے واحد گول رابن سنگھ نے کیا لیکن پورے میچ میں ہندوستان کا دبدبہ رہا۔ وم کوویرمینس کی ٹیم پراعتمادی سے بچنا چاہے گی جبکہ پاکستان کا
ارادہ سیریز میں برابری کا ہو گا۔ پاکستانی کوچ مبارک نے کہا کہ ہم نے ہندوستانی ٹیم کو پہلے میچ میں دیکھ لیا ہے لہذا ہم اس کے مطابق حکمت عملی بنائیں گے اور ہمارا خیال ہے کہ ہم ہندوستان کو ہرا سکتے ہیں۔ہندوستان کا اعتماد اپنے ونگرس پر ہوگا لیکن پاسنگ میں بہتری بھی ضروری ہے۔ کوویرمینس نے کہامجھے لگتا ہے کہ جوابی حملے ہماری طاقت ہے۔ ہم اس پر کافی محنت کر رہے ہیں۔ہندوستان کو کل کے میچ سے پہلے اپنے ڈیفنس پر محنت کرنی ہوگی۔ گزشتہ میچ میں وہ دو موقعوں پر گول کرنے کے قریب پہنچے تھے۔ ایک بار کلیم اللہ کا ہیڈر پوسٹ سے ٹکراکر واپس آ گیا جبکہ آخری منٹ میں صدام حسین کا شاٹ باہر سے نکل گیا۔ ہندوستان کا دار و مدار ایک بار پھر کپتان سنیل چھیتری پر ہوگا۔ ان کی موجودگی ہی مخالف ٹیم کو خوفزدہ کرنے اور ہندوستانیوں میں حوصلہ بھرنے کیلئے کافی ہے۔نئے کھلاڑی امرندر سنگھ، جھیگن، جوہنیر مونٹی لوریکو، شنکر ایس، مدار راؤ دیسا اور سیملین ڈاگیل پھر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ سیشن کی تلاش نارائن داس جارحانہ فل بیک ہیں اور مخالف ٹیم کے لئے انہیں چھکانا کافی مشکل ہوگا۔ پاکستان چاہے گا کہ اس کے اسٹار اسٹرائیکرکلیم اللہ اور ونگر محمد عادل اپنا بہترین کارکردگی کریں جو وہ گزشتہ میچ میں نہیں کر سکے تھے۔