اسلام آباد: پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، نئے صدر خالد سجاد کھوکھر کی تقرری کو پی ایچ ایف کے اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق نئے سیکریٹری کیلئے شہباز سینئر مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں۔ ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے اسلام آباد میں پی ایچ ایف کانگریس کے اجلاس میں اپنا استعفیٰ پیش کیا۔
شہناز شیخ نے کہا کہ انہیں ہاکی تو تھما دی لیکن گیند نہیں دی اور سب نے خواہش کی کہ گول کیا جائے، شہناز شیخ نے کہا کہ ان کی کوچنگ میں پاکستان نے چار میں سے تین ایونٹس میں دوسری پوزیشن حاصل کی، صرف اولمپک کوالیفائنگ میں شکست ہوئی، پی ایچ ایف کے کانگریس اجلاس میں فیڈریشن کے نئے صدر خالد سجاد کھوکھر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد کی جگہ یہ ذمہ داری اولمپین شہبازسینئر کو سونپے جانے کا امکان ہے۔