دبئی۔رواں برس کے اوآخر متحدہ عرب امارات میں منعقد شدنی پاکستان۔آسٹریلیا ٹسٹ سیریز میں ایک مقابلے کی تخفیف کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے بموجب رواں برس اکٹوبر میں پاکستان 3ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیا کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی کرنے والا ہے لیکن آئی سی سی کے اس مستقبل کے منصوبے جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹسٹ مقابلے منعقد شدنی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) اپنے حریف ہم منصب بورڈسے رابطے میں ہے تاکہ مجوزہ تین ٹسٹ مقابلوں میں تخفیف کرتے ہوئے ایک 5روزہ مقابلے کی بجائے 3ونڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 مقابلے کو یقینی بنایا جاسکے ۔ پاکستان نے آسٹریلیا کی میزبانی کیلئے ہنوز متحدہ عرب امارات کا قطعی فیصلہ نہیںکیا ہے ‘ تاہم وہ اپنے گھریلو سیریزوں کے انعقاد کیلئے یو اے ای کو اپنی میدان بناچکا ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف گھریلو سیریز متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلے جارہی ہے ۔ اس ضمن میں اے بی سی ریڈیو سے گفتگو کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمس سوتھرلینڈ نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ آسٹریلیائی ٹیم کی میزبانی پاکستان متحدہ عرب امارات میں کرے گا ۔
تاہم سیریز کے دوران تین ٹسٹ مقابلوں کی بجائے صرف دو ٹسٹ کھیلیں جائیں گے اور ایک ٹسٹ ‘ پانچ ونڈے اور ٹوئنٹی 20مقابلے میں تبدیل کرلیا جائے گا چونکہ آئندہ برس فبروری ۔ مارچ میںنیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ونڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کررہے ہیں ۔ لہذا دنیا کی ہر ٹیم اس ورلڈ کپ کی تیاری اور اس تناظر میں زیادہ سے زیادہ ونڈے مقابلوں میں شرکت کی خواہاں ہے ۔ پی سی بی ذرائع کے بموجب آسٹریلیائی ٹیم کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔ اس کے علاوہ قطر کے نام پر غور کیا جارہا ہے جہاں فی الحال پاکستان اپنی ویمنس سیریز کی میزبانی کررہا ہے جس میں پاکستان‘ جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کی ویمنس ٹیمیں موجود ہیں ۔