غیرملکی سفراء کے جانی نقصان پر پاکستان میں ایک دن کے سوگ کا اعلا
ن
پاکستان آرمی کا ایک ہیلی کاپٹر شمالی ضلع گلگت کے علاقے وادی نلتر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار ناروے کے سفیر لیف لارسن اور فلپائن کے سفیرڈومینگو ڈی لوسیناریو سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حادثے میں مرنے والوں میں ملائشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات بھی شامل ہیں۔فوجی ہیلی کاپٹر میں غیرملکی سفراء اور ان کی بیگمات سوار تھیں اور وہ گلگت میں وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ دو منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔وزیر اعظم ایک اور فوجی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے اور وہ بہ حفاظت واپس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ایک ٹویٹر میں بتایا ہے کہ حادثے میں چار غیرملکی اور دو پائلٹ جان کی بازی ہار گئے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ پولینڈ اور نیدرلینڈز کے سفراء بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔زخمیوں کو گلگت کے فوجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر میں گیارہ ملکی اور چھے پاکستانی سوار تھے اور یہ گلگت کی وادی نلتر میں واقع ایک اسکول کے احاطے میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ہیلی کاپٹر کو زمین پر گرنے کے فوری بعد آگ لگ گئی۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثہ فنی خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے اور اس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔انھوں نے واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انھوں نے ایک بیان میں ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گلگت کے علاقے نلترمیں ایک اس سکول کے اندر گراؤنڈ میں گرا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کسی قسم کی تخریبی کارروائی کا پتا نہیں چلا ہے۔
وزیر اعظم میاں نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے حادثے میں اسلام آباد میں متعین غیرملکی سفراء کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے زخمی افراد کو فوری طور پر ہرممکن طبی امداد مہیا کرنے کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے حادثے میں غیرملکی سفراء کے جانی نقصان پرکل ہفتے کے روز ملک بھر میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے حادثے میں ہلاک سفراء کے ممالک کو اطلاع دے دی ہے اور وہ متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے۔