ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ دوطرفہ کرکٹ سیریز کی بحالی کیلئے پاکستانی حکومت پہلے ہندوستانی حکومت سے بات چیت کرے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ حالات کو کرکٹ کیلئے ناسازگار قرار دیا۔
انہوں نے پارلیمنٹیرین اور مشہور شخصیات کے درمیان میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماحول اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کیلئے سازگار نہیں۔ پاکستانی حکومت پہلے ہندوستانی حکومت سے بات چیت کرے، سازگار ماحول بنانے کیلئے یہ حکمت عملی بہت کارگر چابت ہو گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مجوزہ دوطرفہ سیریز پر گفتگو کیلئے گزشتہ ہفتے ہندوستان گئے تھے لیکن دونوں ملکوں کے کرکٹ سربراہان کی ملاقات سے قبل انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے بی سی سی آئی ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد ملاقات منسوخ کردی گئی تھی۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ دونوں حکومت کے درمیان بات چیت سے موجودہ تناؤ کم ہو جائے گا جس کے بعد کرکٹ معاملات پر گفتگو آسان ہو جائے گی۔
اس سے قبل ہفتے کو چیئرمین پی سی بی شہریار خان یہ واضح کر چکے ہیں کہ ہندوستان میں صورتحال خصوصاً پاکستانیوں کیلئے اطمینان بخش نہیں اور یہ ممکن ہے کہ حکومت پاکستانی ٹیم کو آئندہ سال ہندوستان میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت سے روک دے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم پاکستانی حکومت سے مشورہ لیں گے اور میرے خیال میں حکومت ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دے گی۔
شہریار نے مزید باور کرایا تھا کہ اگر ایسی صورتحال ہوئی تو پاکستان آئی سی سی کے زیرانتظام منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے تمام میچز فورفیٹ کرنے کیلئے تیار ہو گا۔