بنگلورو:پدم ایوارڈ کیلئے نظر انداز کئے جانے پر سائنا نہوال کی سرعام ناراضگی ظاہر کئے جانے سے پیدا ہوئے تنازعہ میں پڑنے سے انکار کرتے ہوئے شوٹر گگن نارنگ نے کہا کہ وہ ان مسائل پر حکومت کے فیصلے کا انتظار کرنا مناسب سمجھتے ہیں۔ نارنگ نے یہاں ایک پروگرام سے الگ صحافیوں سے کہامیرے لئے تنازعات سے باہر رہنا ضروری ہے۔ دیکھتے ہیں کہ حکومت ایوارڈز پر کیا فیصلہ لیتی ہے۔نا
رنگ نے اگست 2010 میں راجیو گاندھی کھیل انعام کیلئے تین بار نظرانداز کئے جانے پر ناراضگی ظاہر کی تھی اور 2010 دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ نہیں لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ لندن اولمپکس 2012 میں مردوں کی 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے نارنگ نے کہا کہ پدم ایوارڈز کے معاملے میں وہ نظرانداز محسوس نہیں کرتے کیونکہ انہوں نے ایوارڈ کیلئے کبھی نہیں کھیلا۔انہوں نے کہامیں نے کبھی نہیں سوچا کہ اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کیلئے مجھے بہتر کارکردگی کرنا چاہئے۔ ایوارڈز سے خوشی ملتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نارنگ نے کہا کہ پدم بھوشن اعزاز کیلئے وہ ابھی کافی چھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہااس طرح کے احترام کیلئے میں چھوٹا ہوں۔ اس سال نہیں تو اگلے سال یا اس کے بعد مل سکتا ہے۔