حیدرآباد۔ہندوستانی خاتون کرکٹر متالی راج نے ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم شری ملنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا سہرا ان کے کوچ آنجہانی سمپت کمار کو بھی جاتا ہے۔32 سالہ خاتون کرکٹر نے کہا جیسے ہی مجھے پتہ چلا اس سال پدم شری ایوارڈ سے نوازنے والے کھلاڑیوں میں میرا نام بھی شامل ہے۔ میں سچ مچ حیران ہو گئی تھی۔ لیکن یہ اعزاز ملنا بہت فخر کی بات ہے۔متالی نے اپنے کوچ آنجہانی سمپت کمار کو یاد کرتے ہوئے کہامیں ہمیشہ انہیں یاد کرتی ہوں انہوں نے ہی مجھے کرکٹ کھیلنا سکھایا۔ اس اعزاز کا کریڈٹ ان کو بھی جاتا ہے۔ متالی نے سال 1999
میں کرکٹ میں قدم رکھا تھا جس کے بعدانھوںنے اس کھیل میں نئے ریکارڈ قائم کئے۔ عالمی خاتون کرکٹر درجہ بندی میں ٹاپ پر قابض متالی نے 153 ونڈے میچوں میں 4888 رنز بنائے ہیں اور 10 ٹیسٹ میچوں میں ایک ڈبل سنچری بھی لگائی ہے۔جودھپور میں پیدا ہوئی متالی نے کہا کہ آج خواتین کرکٹ عام سی بات ہو گئی ہے اور نئی لڑکیاں کرکٹ میں اپنی پسند دکھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا جب میں نے کرکٹ کھیلنا شرو ع کیا تھا۔ تب بہت کم لڑکیاں تھی جو اس کھیل میں آنا چاہتی تھیں لیکن آج زمانہ بدل گیا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ اب بہت سی لڑکیاں اس کھیل میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں۔2005 خواتین ورلڈ کپ کو اپنے سب سے زیادہ پسندیدہ لمحوں میں سے ایک بتاتے ہوئے متالی نے کہا وہ میرے کیریئر کے سب سے بہترین لمحات میں سے ایک تھا۔ اس کے بعد ہی لوگوں کو معلوم ہوا کہ ہندوستان میں بھی لڑکیاں اچھی کرکٹ کھیل سکتی ہیں۔