لکھنؤ (وارتا)مشہور بزرگ آم کاشت کار پدم شری حاجی کلیم اللہ خان نے ملک کے ہونے والے نئے وزیر اعظم نریندر مودی کو آم کی ایک خاص قسم معنون کی ہے اور اسے ’نمو ‘کے نام سے نوازا ہے ۔مسٹر کلیم اللہ نے کہا کہ جب ہم نے سنا کہ مودی
وزیر اعظم عہدے کیلئے منتخب کئے گئے ہیں بہت خوشی ہوئی وہ ایک بہترین انسان ہیں اور اپنے نئے کردار میں وہ بہت کامیاب ہوںگے ۔ چوہتر سالہ آم کاشت کار نے اعتماد ظاہر کیا کہ خاص قسم کا ’نمو‘آم کا سائز اور رنگ کے ساتھ ذائقہ لوگوںکو پسند آئے گا ۔اس آم کو کھاکر وہ مسٹر مودی کی کامیابی کو تا عمر یاد رکھیںگے ۔مسٹر کلیم اللہ نے مسٹر مودی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کر تے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے ۱۴ویں وزیر اعظم سے ملنے کو بہت پر جوش ہیں اور انہیں بے حد خوشی ہوگی اگر مسٹر مودی ان کے باغوںکی سیر کر نے یہاں تشریف لائیں اور درخت کے سائے میں بیٹھ کر نمو آم کے ذائقہ سے لطف اٹھائیں ۔ مسٹر کلیم اللہ ۱۹۵۷سے اپنی لیب میں آم کی جدیداقسام کی ایجاد کر تے آئے ہیں ۔عام کسان کو یقین ہے کہ نمو آم لکھنؤ کی دسہری او ر کولکاتا کی حسن آرا کو ذائقہ کے معاملے میں بہت پیچھے چھوڑ دے گا ۔ عام کاشتکار اس سے قبل دیسی آم کی کئی قسمیں ایجاد کر چکے ہیں ۔ ان میں عجائب ، سرخ ملیارا ، عامل لامبا، شریفہ اورامر پالی کے ذائقہ کے لوگ آج بھی قائل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آم کی نئی قسم پیدا کر نا بے حد پیچیدہ کام ہے ۔ ۱۰۰میں ۹۹ بار اس میں مایوسی ہاتھ لگتی ہے جبکہ ایک آپ کو منظوری دلاتاہے ۔