۔30 ڈسمبر تک ایک ہی مرتبہ رقم تبدیل کرائی جاسکتی ہے ، شادی کیلئے 2.5 لاکھ روپئے حاصل کرنے کی اجازت
نئی دہلی: اعلیٰ قدر کی کرنسی کا چلن بند کرنے کی وجہ سے ایسے افراد کو جہاں شادی مقرر ہے اور کسانوں کو جبکہ یہ بیج بونے کا موسم ہے درپیش مشکلات کے پیش نظر حکومت نے انہیں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لیکن رقمی تبادلے کی حد میں نصف سے بھی کمی کردی گئی ہے ۔ یہی نہیں بلکہ کسی بھی شخص کو /30 ڈسمبر تک صرف ایک ہی مرتبہ رقمی تبادلہ کی سہولت حاصل رہے گی ۔ سکریٹری معاشی امور شکتی کانتا داس نے کہا کہ ایسے خاندان جو شادی کی تیاری کررہے ہیں اپنے بینک اکاؤنٹ سے پیان تفصیلات اور سیلف ڈیکلریشن داخل کرتے ہوئے 2.5 لاکھ روپئے تک رقم حاصل کرسکتے ہیں ۔ تاہم انفرادی طور پر عوام کو 500 اور 1000 روپئے ختم کی گئی کرنسی کا تبادلہ کرتے ہوئے 4500 روپئے حاصل کرنے کی جو سہولت تھی اسے کم کرکے 2000 روپئے کردیا گیا اور وہ بھی /30 ڈسمبر تک صرف ایک مرتبہ یہ تبادلہ کیا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح کسان اپنے کسان کریڈٹ کارڈ یا فصلوں پر لئے گئے قرض کیلئے ہفتہ میں 25 ہزار روپئے کی رقم حاصل کرسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو شہروں میں منتخبہ بینک کی شاخوں پر رقمی تبادلہ کرنے والوں کی انگلی پر سیاہی لگانے کا کام پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کافی نقد رقم دستیاب ہے لیکن تبادلہ کی حد میں کمی کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو کاؤنٹر تک پہونچنے میں مدد مل سکے ۔ ہم نے یہ محسوس کیا ہے کہ کئی لوگ رقمی تبادلہ نہیں کرپارہے ہیں ۔ اس کے برعکس چند افراد مسلسل کاؤنٹرس سے رجوع ہوکر متعدد مرتبہ رقمی تبادلہ کرارہے ہیں ۔ لہذا دوسروں کو بھی فائدہ پہونچانے کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا ۔