لکھنؤ ۔راجدھانی کا پرانا لکھنؤ کافی حساس علاقہ مانا جاتا ہے ۔ماہ محرم میں حساسیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے پولیس ہمیشہ اس علاقے پر نظر رکھتی ہے ۔ پرتشدد واقعات کے امکانات وخدشات کے مد نظر پیش بندی کے طور پر آج سعادت گنج اور بازار کھالہ میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا جس کی قیادت سی او بازار کھالہ نے کی مقامی پولیس کے علاوہ پی اے سی جوان بھی فلیگ مارچ میں شریک تھے ۔پرتشدد واقعات رونما نہ ہوں جس کیلئے پولیس پوری طرح سے مستعد ہے ۔راجدھانی کے مختلف حساس علاقوںمیں نہ صرف پولیس چاق وچوبندی کا مظاہرہ کررہی ہے بلکہ اس نے مختلف مقامات پر کیمرے نصب کر دئے ہیں تاکہ مشتبہ لوگوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے ۔ ماہ محرم کے آغاز سے قبل ہی ایس ایس جے رویندر گوڑ نے اس بات کا اشارہ دے دیا تھا کہ پر تشدد واقعات کو روکنے کیلئے ان کا رخ سخت ہے اور کسی بھی طرح وہ اس طرح کے واقعات کو برداشت نہیں کریںگے اسی لئے انہوںنے پولیس اہل کاروں کو مستعد کرتے ہوئے عوام کو بھی ہدایت دے دی تھی کہ وہ تو نہ خود سماج مخالف سرگرمیوں میں شریک ہوں اور نہ ہی آلہ کا ربنیں ۔انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر کسی کے گھر سے خشت باری ہوئی تو اس کا ذمہ دار وہی ہوگا اور سزا بھی دی جائے گی ۔
پولیس نے آج قدیم شہر کے حساس مقامات پر فلیگ مارچ کرتے ہوئے لوگوں کو باور کرا دیا کہ اس بار شر پسند عناصر اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ پولیس ان کو منہ توڑ جواب دے گی اور کسی بھی طرح کا تشدد رونما نہیں ہونے دے گی ۔
سی او بازار کھالہ سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ دوپہر تقریباًدو بجے کوتوالی سے فلیگ مارچ شروع ہوا جس میں اے ٹی ایس کے ایس پی، اے سی ایم -۶،انسپکٹر بازار کھالہ ،تھانہ انچارج سعادت گنج ، مقامی پولیس اور پی اے سی کے جوان شریک ہوئے ۔ یہ فلیگ مارچ احاطہ نور بیگ ، چھڑین تالاب ، محبوب گنج ، مولا نگری ، رادھے کا کھیت ، توپ دروازہ ، شرگاہ پارک ، کشمیری محلہ ، نوبستہ ،مہدی گنج ، بھوانی گنج ، اور حیدر گنج ہوتے ہوئے بلوچ پورہ میں ختم ہوا ۔