لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ فیض آباد روڈ پرواقع جی سی کامپلکس کی دوسری منزل پر واقع ایک دفتر میں آگ لگ گئی۔ دھنواں نکلتے ہوئے دیکھ کر باہر موجود لوگوں نے آگ لگنے کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو دی۔ اطلاع ملنے کے بعدکچھ ہی دیر میں موقع پرپہنچ کر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے آگ کو قابو میں کیا۔اس سلسلہ میںایس او غازی پور نے بتایا کہ بروقت فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے پہنچنے کی وجہ سے آگ پر آسانی سے قابو کر لیاگیا ہے۔ خبر کے مطابق اندرا نگر کے سیکٹر گیارہ کے باشندے نریندر سنگھ کا فیض آباد روڈ پرواقع جی سی کامپلکس کی دوسری منزل پر پلس پراپرٹی کے نام سے دفتر واقع ہے۔
مذکورہ دفتر میں پراپرٹی کی خرید و فروخت کا کام ہوتا ہے۔ نریندر سنیچر کی شام آفس بند کرنے کے بعد گھر چلے گئے
تھے جبکہ اتوار کو دفتر بند تھا۔ دوپہر کے وقت کامپلکس کی دوسری منزل سے دھنواں نکلتے ہوئے دیکھ کر مقامی لوگوں نے دفتر کے مالک نریندر کو اس کی اطلاع دی اور اس کے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو بھی اطلاع دی گئی ۔ کچھ ہی دیر بعد موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔ چھٹی ہونے کی وجہ سے دفتر کا دروازہ بند تھا۔ سیڑھی کی مدد سے عمارت کے باہری حصہ کے شیشہ کو توڑکر فائر بریگیڈ ملازمین نے آگ کو قابو میں کر لیا۔ نریندر نے بتایا کہ دفتر میں رکھے ہوئے قیمتی دستاویزاور فرنیچر آگ لگنے سے جل کر راکھ ہو گئے۔دوسری جانب ایس او غازی پور نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی تھی۔ تار کی چنگاری کھڑکیوں پر پڑے ہوئے پردوں پر گر گئی اور آگ میں تبدیل ہو گئی۔