لکھنؤ۔(نامہ نگار)کرشنا نگر علاقے میں رہنے والے پراپرٹی ڈیلر کی زوجہ کی لاش ہفتہ کی صبح گھر میں پنکھے سے لٹکی ملی۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو موقع سے ایک خودکشی نوٹ ملا جس میں لڑکی نے اپنے والد سے معافی مانگی اور ان سے بیٹے کو اچھا انسان بنانے کی فرمائش کی۔ اس معاملے میں پراپرٹی ڈیلر کے سالے نے اس کے خلاف جہیز قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ کرشنا نگر کے وراٹ نگر کے رہنے والے پراپرٹی ڈیلر وکاس گپتا نے دو سال قبل پارہ کے بدھیشور علاقے کے رہنے والی جانکی سے محبت کی شادی کی تھی۔ وکاس کا اندرا نگر علاقے میں پراپرٹی ڈیلنگ کا کام ہے اور وہیں اس کا دفتر بھی ہے وکاس اور جانکی کا ۷ماہ کا ایک بیٹا ملنک ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کو صبح ۸بجے جانکی کی لاش کمرے میں لگے پنکھے میں دوپٹہ کے سہارے لٹکی ہوئی ملی۔ شوہر نے جب اس کی لاش کو لٹکتے دیکھا تو شور مچادیا۔ قرب وجوار کے لوگ اکٹھا ہوگئے اور اطلاع پاکر کرشنا نگر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو جانکی کے ہاتھ کا لکھا ایک خودکشی نوٹ بھی ملا جس میں اس نے اپنے والد سے معافی مانگی اور زندہ رہنے کی خواہش نہ ہونے کی بات لکھی۔ جانکی نے اپنے شوہر سے فرمائش کی وہ لڑکے کو ایک اچھا اور سچا انسان بنانے کی کوشش کرے۔ آخر میں جانکی نے خودکشی کرنے کو اپنی مجبوری بتایا ۔ تحقیقات کے بعد کرشنا نگر پولیس نے جانکی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اور اس کی اطلاع اس کے مائیکے والوں کو بھی دے دی۔ ابتدائی تفتیش
میں پولیس کو پتہ چلا کہ وکاس کے دفتر میں کام کرنے والی ایک لڑکی سے اس کی قربت ہوگئی تھی جس پر وکاس اور اس کی اہلیہ کی جانکی میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔اطلاع ملنے پر جانکی اہل خانہ موقع پر پہنچ گئے ان لوگوں نے وکاس اور مکیش پر جانکی کو جہیز کے سلسلے میں مار ڈالنے کا الزام لگایا ۔ پولیس نے دونوں کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرلی۔