لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ موہن لال گنج کے رانی کھیڑا گاؤں کے باشندے گاؤں پردھان کی بیوی منجو لتا کے قتل کے معاملہ میں فرار چل رہے ملزم بھولا مہتا کو جمعرات کی صبح پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے قتل میں استعمال کیا گیا گمچھا بھی برآمد کیا ہے۔ منجو لتا کے قتل کے معاملہ میں گاؤں پردھان سمیت تین لوگوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا تھا۔ ایس پی دیہی سومتر یادو نے بتایا کہ موہن لال گنج کے رانی کھیڑا گاؤں کے رہنے والے گاؤں پردھان رام شنکر نے گزشتہ ۱۱؍جون کو اپنی بیوی منجو لتا کو بیہوشی کی دوا دے کر اس کا گلا دباکر قتل کر دیا تھا۔ قتل کے بعد رام شنکر اور اس کے نوکرر ام کرن ، ساتھی کیتن اور بہار کے رہنے والے بھولا نے منجو لتا کی لاش کو ایک گہرے کنویں میں ڈال کر پٹوا دیا تھا۔ گزشتہ ۲۶؍جون کو پردھان کے نوکر رام کرن کو جب پولیس نے گرفتار کیا تو قتل کا انکشاف ہوا تھا۔ پولیس نے کنویں کو کھدواکر منجو لتا کی لاش کو برآمد کرتے ہوئے رام شنکر اور کیتن کو گرفتارکر لیا تھا جبکہ بہار کا باشندہ بھولا فرارہو گیا۔ موہن لال گنج پولیس نے آج صبح ارسینی گاؤں کے پاس سے ملزم بھولا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے
اس کے پاس سے قتل میں استعمال کیا گیا گمچھا برآمد کر لیا ہے۔