بارہ بنکی ۔(نامہ نگار) محمد پور تھانہ علاقے میں شہ زور پردھان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دلت کنبوں کے چار افراد کو شدید طور سے زخمی کردیا ۔پولیس نے فریقین کی تحریر پر مقدمہ درج کرنے کے بعد زخمیوں کو طبی معائنے کیلئے اسپتال میں داخل کرادیا۔ موصولہ خبر کے مطابق تھانہ علاقے کے اولیا پور گاؤں کے پردھان گاؤں کے ہی بنشی لال دھوبی کے صحن میں
راجیش کمار ورما کا چھپر زبردستی رکھوانا چاہتے تھے۔
اس سلسلے میں بنشی لال نے مقدمہ بھی دائر کردیا تھا۔ منگل کو راجیش کمار نے دوبارہ چھپر رکھنے کی کوشش کی تو بنشی لال نے اس کی مخالفت کی ۔ بنشی لال نے بتایا کہ مخالفت کرنے پر پردھان اما شنکر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر تم لوگوں نے چھپر رکھوانے نہیں دیا تو تمہارے ہاتھ پیر توڑ دیئے جائیں گے۔ کیوں کہ اسپتال اور تھانے میں انہوں نے سیٹنگ کرلی ہے۔ اسی دوران راجیس کمار ،راما کشور، اماشنکر اور سریش سمیت درجنوں لوگوں نے بنشی لال کے گھر پر حملہ کردیا اور کنبے کے لوگوں کو لاٹھی ڈنڈوں سے شدید طور سے زخمی کردیا۔ ان میں رام سمیرن ،وجے پال ،بنشی لال اور نریندر وغیرہ شدید طور سے زخمی ہوگئے ہیں
۔اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس زخمیوں کو پی ایچ سی سورت گنج میں بھیج دیا جہاں پر ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب زخمیوں کو شام تک بیٹھائے رکھا گیا۔ شام کو ڈاکٹر کے پہنچنے کے بعد ابتدائی علاج کرنے کے بعد زخمیوں کو علاج کیلئے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔ بنشی لال نے بتایا کہ پی ایچ سی میں ڈاکٹر نے زخموں کا ایکسرے نہیں کرایا۔ جبکہ مخالف راجیش کمار زخمی نہیں ہوا تھالیکن ان کا ایکسرے کرانے کیلئے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔
اس سلسلے میںمحمد پور کھالہ تھانہ انچارج سروج کمار نے بتایا کہ فریقین کی تحریر پر ہریجن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ڈاکٹری رپورٹ ملنے کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔