نئی دہلی، 12 جنوری (یو این آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جیپی)نے عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈر پرشانت بھوشن کے ماؤنواز وں سے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی دستوں کی تعیناتی کے بارے میں عوامی رائے شماری سے متعلق بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے اس بار ے میں اپنی رائے واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کی قومی ترجمان نرملا سیتارمن نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ داخلی سلامتی کے معاملوں کے بارے میں مسٹر بھوشن کی طرف سے بار بار بغیر سوچے سمجھے دیئے جا نے والے بیان قابل تشویش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی سرکار اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے اپنی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے اور اس دوران اگر اس طرح کے بیان دیئے جاتے ہیں تو اس سے اپنی جان کی بازی لگا کر ماؤنوازوں سے مقابلہ کر نے والے سیکورٹی دستوں کا حوصلہ کمزور ہوگا۔