لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سنجے گاندھی پی جی آئی کے یورولاجی شعبہ کے شعبہ صدر پروفیسر راکیش کپور کو انسٹی ٹیوٹ کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ جمعرات کی صبح پروفیسر کپور نے ڈائریکٹر کے کام کی ذمہ داری سنبھال لی۔ وہ یورولاوجی کے ساتھ ریجنل ٹرانس پلانٹ شعبہ کے بھی چیف ہے۔ گزشتہ ستمبر میں پروفیسر آر کے شرما کے ڈائریکٹر کی مدت ختم ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی پڑا تھا۔ پروفیسر شرما کے بعد پروفیسر یو کے مشرا کو کارگزار ڈائریکٹر بنایا گیا تھا۔ جمعرات کی صبح ریاستی حکومت نے پروفیسر کپور کو انسٹی ٹیوٹ کا ڈائریکٹر مقرر کر دیا۔ پروفیسر کپور
نے کے جی ایم یو سے ایم بی بی ایس ایم ایس کی پڑھائی کی۔ اس کے بعد انہوں نے پی جی آئی، ایم ای آر چنڈی گڑھ سے یورولوجی میںایم سی ایچ کیا۔ پروفیسر کپور ۱۹۸۸ء سے پی جی آئی میں تعینات ہیں۔ ایم بی بی ایس کی پڑھائی کے دوران کے جی ایم یو میں انہیں ہیویٹ میڈل سے سرفراز کیا جاچکاہے۔ اس کے علاوہ وہ نیشنل اکیڈمی آف سائنسز و نیشنل اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز کے فیلوں بھی ہیں۔ انہیں ایک برس میں ۱۲۰؍ ریجنل ٹرانس پلانٹ کرنے کا فخر حاصل ہے۔
جمعرات کو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ صحافیوں سے روبرو ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا پہلا ہدف انسٹی ٹیوٹ میں ایمرجنسی میڈیسن سہولیات شروع کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں او پی ڈی کی جگہ ایمرجنسی شروع کی جائے گی۔ پروفیسر کپور نے بتایا کہ پیتھا لوجی میں بھی مریضوں کی طویل قطار لگی رہتی ہے اور کئی جگہ ملازمین مریض کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں، اس میں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ملازمین کی ضرورت زیادہ ہے وہاں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جہاں کم ہے وہاں سے ملازمین ہٹائے جائیں گے۔اس کے علاوہ ایک ہی جگہ پر سالوں سے جمے ملازمین کو ہٹایا جائے گا۔ اس کیلئے ایک ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کی جائے گی۔خاص حالات کو چھوڑ کر کوئی بھی ملازم ایک جگہ تین برس سے زیادہ نہیں رہے گا۔ کمیٹی ہی ان کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ انتظامیہ نے انسٹی ٹیوٹ میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کے ساتھ جوائنٹ ڈائریکٹر کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوائنٹ ڈائریکٹر اور فائنینس کنٹرولر کو بھی بدلے جانے کے احکام جاری ہو چکے ہیں۔