لکھنؤ(نامہ نگار) غازی پورکے فیض آبادروڈ واقع پریت پلازا کے کیئرٹیکر ارشاد خان کا اگست میںہوا قتل کسی اور نے نہیںبلکہ اس کے ہی ایک دوست رتیش نے کیاتھا۔قتل کیس کاانکشاف کرتے ہوئے پولیس نے ملزم رتیش کوگرفتارکرلیاہے ۔ پولیس نے اس کے پاس سے ارشاد کالیپ ٹاپ،ڈی وی ڈی،اور دوموبائل فون برآمدکیا۔ پولیس نے قتل کاانکشاف توکردیا ہے لیکن قتل کامقصد پوری طور سے صاف نہیں ہوسکاہے ۔
انسپکٹر غازی پوراجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ گذشتہ ۳۰؍اگست کوپریت پلازاکے کیئرٹیکرارشاد خان کی لاش پلازاکے اوپری منزل میںبنے کمرے میں پڑی ملی تھی۔ کمرہ باہر سے بندتھااس معاملے میںپلازاکے مالک پریم کمار نے نامعلوم لوگوںکے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ تفتیش کررہی غازی پورپولیس کوسرولانس کی مددسے ارشاد خان کے ایک دوست کشی نگر باشندہ رتیش کمار پرشک ہوا۔ پولیس نے جب پتہ لگایاتوجانکاری ہوئی کہ رتیش کے موبائل فون کی پوزیشن پلازاک ے پاس تھی۔ اور پھر وہ کشی نگر اپنے گھر چلاگیا تھا۔ پیر کوپولیس کو مخبر سے پتہ چلا کہ رتیش لکھنؤآیا ہواہے۔ اس اطلاع پردوپہر کوپولیس نے رتیش کمار کو پالی ٹیکنک چوراہے کے نزدیک سے پکڑلیا۔ پوچھ گچھ کی گئی توملزم نے بتایا کہ گذشتہ ۲۲؍اگست کی شب اس نے ارشاد کا گلا دباکرقتل کرنے کے بعد اس کے جسم پرکرنٹ لگا کراس کومار دیا۔ اورخود کمرے سے اس کاسامان لے کربھاگ نکلا۔ پولیس نے ملزم رتیش کے پاس سے ارشاد کالیپ ٹاپ، ڈی وی ڈی،اوردوموبائل فون برآمد کیا۔ ملزم نے بتایاکہ وہ لکھنؤمیں مزدوری کرتاتھااورگومتی نگر علاقے میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔رتیش کاکہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اس کاارشادسے جھگڑاہوااور ارشاد نے اس کومارا پیٹاتھا ۔بس اسی بات کولے کر اس نے ارشاد کاقتل کردیاتھارتیش کی بات میںکتنی سچائی ہے اس بات پرپولیس کوبھی شک ہے کیونکہ وہ قتل کے پیچھے جوسبب بتارہا ہے وہ پولیس کے گلے سے نہیںاتررہا ہے ۔