لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ راشن کارڈ پر دستخط کراناہو، محلہ کی صفائی سے متعلق شکایت درج کرانی ہو یا پھر رہائش سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہو اب لوگوں کو کارپوریٹر کے گھر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے کیونکہ عوام کو اسی پریشانی سے نجات دلانے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ زون چارمیں بنائی گئی کارپوریٹر بلڈنگ کا میئر ڈاکٹر دنیش شرما نے بدھ کو افتتاح کر دیا۔ میئر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب زون چار میں اس کے تحت آنے والے وارڈوں کے کارپوریٹر موجود رہیں گے۔ یہیں پر وہ تمام مسائل کا تصفیہ کریں گے۔اس سے نہ صرف عوام کا وقت بچے گا بلکہ ان کو بہت سی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ۱۷وارڈوں کے موجود کارپوریٹروں کی گزارش پر میئر نے زونل افسر کو چپراسی تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی۔اسی طرح انہوںنے اوپر بہہ رہی سبمر سیبل میں ٹنکی لگائے جانے کی بات کہی۔ اس موقع پر مجلس عاملہ کے نائب صدر رجنیش گپتا بابی، کارپوریٹر رمیش کپور بابا، دنیش یادو، ساکیت شرماو د یگر بھی موجود رہے۔ میئر ڈاکٹر شرما یہاں تہری بھوج میں شرکت کے بعد وکاس نگر سیکٹر دو میں کچھ عرصہ قبل ڈالی گنج سیور لائن کی لیونگ خراب ہونے اور دھنس جانے کی شکایت پر وہ معائنہ کیلئے پہنچے۔ انہوںنے ایگزیکٹیو انجینئر کو فوری جانچ کے بعد کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ مسٹر شرما نے نرالہ نگر میں ٹھنڈی پارک کی طرف جانے والی نو تعمیر سڑک سے کچھ پہلے سڑک کھود کر سیور لائن ڈالے جانے پر سخت ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔