امیٹھی، 07 مئی (یو این آئی)کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج اپنی بہن پرینکا گاندھی کے مبینہ بیان سے متعلق غلط فہمی کی صفائی پیش کرنے کی کوشش کی جس میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بارے میں کہا تھا کہ وہ نیچی سیاست کر رہی ہے۔ مسٹر راہل گاندھی نے آج صبح امیٹھی پہنچنے کے بعد کہا کہ بد قسمتی سے کچھ لوگ ان کے بیان کا غلط مطلب نکال کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی بہن پرینکا گاندھی کا بیان بی جے پی کے ذریعہ اپنائی گئی نیچی سیاست، سطحی ذہنیت اور اوچھی سمجھ کے بارے میں تھا نہ کہ نیچی ذات کے بارے میں ، جیساکہ کچھ لیڈروں نے باور کرانے کی کوشش کی ہے۔واضح رہے کہ بی جے پی کے منصب وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی نے اترپردیش میں ایک انتخابی جلسے کے دوران کل کہا تھا کہ نیچی ذات سے تعلق رکھنے کی وجہ سے کانگریس لیڈران انہیں نشانہ بنارہے ہیں۔تاہم، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی ) کی سربراہ مایاوتی نے گزشتہ شب یہ الزام لگاتے ہو
ئے سب سے پہلے جواب دے دیا ہے کہ مسٹر مودی کانگریسی لیڈر کے بیان کا فائدہ اٹھاکر پسماندہ ذاتوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مودی سے اپنی ذات کا اظہار کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء راہل گاندھی نے آج فرصت گنج ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد دو نزدیکی انتخابی مرکزوں کا دورہ کیا اور حلقے میں ووٹنگ کی سرگرمیوں کی جانکاری لی۔ انہوں نے اس موقع پر امیٹھی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ووٹ دینے کے لئے آگے آنا چاہئے کیونکہ وہ ملک کے مستقبل ہیں۔